اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ روس پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات دوسری جنگ عظیم میں روسی فتح کی 80ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ روسی فتح کا دن جنگ اور امن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے اور یہ روس کے عوامی عزم اور امن و خوشحالی کی جانب اس کے مضبوط ارادے کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں پاکستان کے موجودہ علاقے کے لوگوں نے نازی ازم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اپنے 2011 کے روسی دورے کو یاد کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پاک-روس دوستی کو فروغ دینے میں صدر پیوٹن کے کردار کی وہ قدر کرتے ہیں۔ حالیہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں نے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور افہام و تفہیم کی راہ ہموار کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو عالمی سطح پر ایک طاقتور ملک اور علاقائی امن کے لیے اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر، روس اس صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس کا کردار اہم ہوگا۔
صدر زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، اور دونوں ممالک کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے مفاہمت اور تعاون میں اضافہ ہوگا، جو کہ خطے اور دنیا کے لیے ایک بہتر مستقبل کی جانب ایک قدم ثابت ہوگا۔