Wed, September 16, 2026

پاکستان نے پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا ،عاصم افتخار

پاکستان نے پہلگام واقعہ پر بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کیا ،عاصم افتخار

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے الزامات کو سختی سے رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار نے نیوز کانفرنس میں واضح طور پر کہا کہ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستان اس واقعے میں ملوث نہیں ہے اور اس کی شفاف تحقیقات کرنی چاہیے، جس میں پاکستان مکمل تعاون کرے گا۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کے اقدام پر بھی سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ توڑ کر ایک سنگین غلطی کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی انسان کی زندگی کا حصہ ہے، اسے کبھی بھی جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے، اور ماضی میں کبھی بھی دریاؤں کا پانی روک کر جنگ نہیں لڑی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کا انحصار ان دریاؤں پر ہے اور اگر بھارت نے پانی روکا تو اس کے سنگین نتائج کا ذمہ دار بھارت ہوگا۔ عاصم افتخار نے کشمیر کے مسئلے کو بھی اٹھایا اور کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہوتا، خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ ہے، اور پاکستان کو بھارت کے حالیہ اقدامات پر گہری تشویش ہے۔ عالمی برادری سے انہوں نے یہ درخواست کی کہ وہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے، اور پاکستان کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر شکر گزار ہیں۔

ٹیگز: