لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میو ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے انتظامیہ کے بارے میں شکایات سنی۔ ہسپتال کے ناقص انتظامات اور سہولتوں کی کمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ "مخلوق رل رہی ہے، اور کسی کو فکر نہیں ہے"، ہسپتال میں مریضوں کو ضرورت کی اشیاء کی عدم فراہمی اور صفائی کی بدترین صورتحال پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر اسپتال کے انتظامات کی مکمل انکوائری کی ہدایت کی اور تمام ذمہ داروں سے جواب طلب کیا۔
اس کے علاوہ، مریم نواز نے ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور مریضوں کے علاج کے بارے میں تفصیل سے پوچھا، اور ضروری اقدامات کرنے کے لیے فوری احکامات دیے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ہونے والی بدانتظامی کا شکار عوام ہیں، اور ان کے مسائل کا حل فوراً نکالا جائے گا۔