اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی آج تہران کے ہنگامی دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ ایرانی قیادت سے اہم ترین ملاقاتیں کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران وزیر داخلہ کا ایران کا یہ تیسرا انتہائی اہم دورہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران میں محسن نقوی کی ایرانی صدر، اسپیکر اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں خطے کی سیکیورٹی اور امریکہ ایران کشیدگی پر بات چیت ہوگی۔ یاد رہے کہ اسلام آباد میں دونوں فریقین کے مابین بالواسطہ مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے تھے، تاہم اب امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت کے مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس میں پاکستان کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی حالیہ مہینوں میں کئی بار تہران کا دورہ کر چکے ہیں۔