Wed, September 16, 2026

پیپلز پارٹی تین نسلوں سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقِ حاکمیت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے: بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی تین نسلوں سے گلگت بلتستان کے عوام کے حقِ حاکمیت کے لیے جدوجہد کر رہی ہے: بلاول بھٹو زرداری

گلگت : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے عوام کے نام ایک خصوصی اور اہم انتخابی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گزشتہ تین نسلوں سے خطے کے غیور عوام کے حقِ حاکمیت اور آئینی حقوق کے لیے برسرِ پیکار ہے۔ انہوں نے اہلیانِ گلگت بلتستان سے اپیل کی کہ وہ 7 جون کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 'تیر' کے نشان پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی کے تاریخی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب سے پہلے قائدِ عوام ذو الفقار علی بھٹو شہید نے گلگت بلتستان سے راج شاہی نظام اور جابرانہ ایف سی آر (FCR) کا خاتمہ کر کے یہاں کے عوام کو غلامی سے نجات دلائی اور تاریخی فوڈ و دیگر اشیاء پر سبسڈی کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے 1994 میں ایل ایف او (LFO) کے ذریعے گلگت بلتستان میں باقاعدہ سیاسی اور جمہوری حقوق کی بنیاد رکھی۔

چیئرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں تاریخی صدارتی آرڈر کے ذریعے خطے کو 'گلگت بلتستان' کا نام اور اس کی اپنی الگ شناخت دی، جس سے یہاں کے عوام کا دیرینہ خواب پورا ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے عزم کا اظہار کیا کہ اب نئی نسل کی باری ہے اور ہم سب مل کر خطے کے حقوق، روزگار اور مکمل آئینی خودمختاری کے لیے اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ 7 جون کو 'تیر' کو ووٹ دے کر اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کریں۔

ٹیگز: