Wed, September 16, 2026

لیاری حادثہ: زندہ افراد کی جان بچانا ہماری پہلی ترجیح تھی: مراد علی شاہ

لیاری حادثہ: زندہ افراد کی جان بچانا ہماری پہلی ترجیح تھی: مراد علی شاہ

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لیاری میں عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر انہیں گہرا دکھ ہے، اور حکومت کی اولین ترجیح ملبے تلے پھنسے زندہ افراد کو محفوظ نکالنا تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن آج مکمل ہو جائے گا۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کراچی کے پرانے علاقوں میں 400 سے زیادہ عمارتیں خستہ حالی کے باعث خطرناک قرار دی جا چکی ہیں، جن میں اکثریت ضلع جنوبی میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری میں گرنے والی عمارت بغیر کسی سرکاری منظوری کے تعمیر کی گئی تھی، اور اس غفلت میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ رات آگرہ تاج میں خالی کرائی گئی عمارت بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی اجازت کے بغیر تعمیر کی گئی تھی۔


وزیر اعلیٰ نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ:"کوئی بھی فلیٹ یا رہائشی یونٹ خریدنے سے پہلے یہ اچھی طرح دیکھ لیں کہ عمارت کو قانونی منظوری حاصل ہے یا نہیں۔"
انہوں نے کہا کہ پرانی اور کمزور عمارتوں میں رہنے والے افراد کے لیے متبادل رہائش فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ان کی جانوں کو خطرات سے بچایا جا سکے۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ حکومت آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام اداروں کو متحرک کر رہی ہے۔

ٹیگز: