اوٹاوا: کمپیوٹرز کے مختلف ماڈلز آپ نے دیکھے ہوں گے، مگر کیبمون نامی یہ منفرد منی کمپیوٹر اپنی خصوصیات کی وجہ سے سب سے الگ ہے۔ یہ ڈیوائس ایک کمپیکٹ کمپیوٹر، مکینیکل کی بورڈ اور وسیع ٹچ اسکرین پر مشتمل ہے، جو کسی روایتی لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ کے مقابلے میں بالکل نیا انداز پیش کرتا ہے۔
کیبمون میں رائزن اے آئی 9 ایچ ایکس 379 پروسیسر، 64 جی بی ڈی ڈی آر 5 ریم اور 8 ٹی بی اسٹوریج کی سہولت ہے، جو اسے تیز اور مؤثر بناتی ہے۔ اس کا ڈیزائن روایتی لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ کے مقابلے میں مختلف ہے، کیونکہ اس میں کی بورڈ اور اسکرین کو ایک فلیٹ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس کمپیوٹر میں 13 انچ کا ٹچ اسکرین ڈسپلے دیا گیا ہے، جس سے صارفین اسکرین کے ذریعے براہ راست کام کر سکتے ہیں۔ اس میں اسٹائلوس سپورٹ بھی شامل ہے، جو ڈیزائن اور اسکیچ بنانے والوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
اس میں 70 واٹ بیٹری، یو ایس بی سی سپورٹ، 2 یو ایس بی 4 پورٹس، 2 یو ایس بی ٹائپ اے پورٹس، ایک ایچ ڈی ایم آئی 2.1 آؤٹ پٹ اور یو ایچ ایس ایس ڈی کارڈ ریڈر جیسی خصوصیات بھی موجود ہیں۔ وائی فائی 7 کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
کیبمون کی قیمت 400 سے 532 ڈالرز تک رکھی گئی ہے اور یہ صرف مخصوص صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔