لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی زاہد بخاری نے کہا ہے کہ ترجمان پاک فوج نے بانی تحریک انصاف کا ملک دشمن ایجنڈہ بے نقاب کر دیا ہے۔
عظمٰی بخاری نے کہا کہ بانی تحریک انصاف بھارتی میڈیا کی پشت پناہی میں پاکستان کے خلاف بیانیہ چلا رہا ہے اور قوم نے اسے پہچان لیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بانی اقتدار کے حصول کے لیے ہمارے بچوں کے قاتل طالبان اور بھارت کی حمایت حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنیان مرصوص کے سپہ سالار پر فضول بیانات دینا بانی کی ذہنی اور اخلاقی کمزوری کا ثبوت ہے اور پاکستان کے خلاف کام کرنے والے چند چہرے ریاستی استحکام کے لیے واضح خطرہ ہیں۔ عظمٰی بخاری نے خبردار کیا کہ دشمن ایجنڈے پر چلنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ ریاست ان کی ہر سازش ناکام بنائے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاستی اداروں پر حملہ، شہداء کی توہین اور افواج کے خلاف بیانیہ سب دشمن کے ایجنڈے کا حصہ ہے، لیکن قوم نے اسے ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر بیانیہ، ہر سازش اور ہر کردار ریاست کے فولادی عزم کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوگا۔