Wed, September 16, 2026

بھارت میں شدید بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق

بھارت میں شدید بارشوں سے تباہی، مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق

نئی دہلی: بھارت میں مون سون کی شدید بارشوں نے مختلف ریاستوں میں تباہی مچا دی، جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد لاپتا اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

بھارتی حکام کے مطابق شمال مشرقی ریاست آسام سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں مون سون کے آغاز سے اب تک 89 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ضلع شیواساگر میں سب سے زیادہ 47 اموات رپورٹ ہوئیں، جبکہ کئی علاقے اب بھی سیلابی پانی کی لپیٹ میں ہیں۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں موسلادھار بارشوں کے باعث اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 31 افراد جاں بحق ہوئے۔ جنوبی ریاست کیرالا میں بھی بارشوں سے پیدا ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث 15 افراد ہلاک اور 7 لاپتا ہیں۔

بہار اور جھارکھنڈ میں گزشتہ دو روز کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 22 افراد جان سے گئے۔ حکام کے مطابق متاثرین میں زیادہ تر کسان، مویشی چرانے والے افراد اور بچے شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں سڑکیں، پل اور رابطہ نظام متاثر ہوئے ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: