Wed, September 16, 2026

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

تھائی لینڈ میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کھلاڑی جاں بحق، 12 زخمی

بنکاک : تھائی لینڈ میں فٹبال کے ایک مقامی مقابلے کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں 24 سالہ کھلاڑی سوفوان آوائے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 12 دیگر کھلاڑی زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ جنوبی تھائی لینڈ کے شہر سنگائی کولوک کے سانتی پھاپ سٹیڈیم میں گولوک ایف اے کپ کے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں اچانک آسمانی بجلی میدان میں گر گئی۔

پولیس کے مطابق بجلی گرنے کے نتیجے میں سوفوان آوائے شدید متاثر ہوئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں فوری طبی امداد دی اور ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچ سکی۔ زخمی ہونے والے کھلاڑیوں میں ایک ملائیشین فٹبالر بھی شامل ہے۔

سوفوان آوائے اس وقت سیمکولٹس ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔ انہوں نے حال ہی میں تھائی لینڈ کے تھرڈ ڈویژن کلب یالا ایف سی کے ساتھ معاہدہ بھی کیا تھا۔

یالا ایف سی نے نوجوان کھلاڑی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی فٹبال خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

تھائی لینڈ میں مون سون کے موسم کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں، اور ماضی میں بھی اس نوعیت کے کئی افسوسناک حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ٹیگز: