اسلام آباد:اسلام آباد پولیس نے آن لائن ٹیکسی سروس استعمال کرنے والے مسافروں کے تحفظ کے لیے ایک جدید ویری فیکیشن ایپ متعارف کروا دی ہے۔ انسپکٹر جنرل اسلام آباد علی ناصر رضوی نے بتایا کہ اس ایپ کا بنیادی مقصد مسافروں، خاص طور پر خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے پولیس اور آن لائن ٹیکسی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان براہ راست رابطہ ممکن ہو گا تاکہ غیر مصدقہ گاڑیوں کی فوری نشاندہی اور رپورٹنگ کی جا سکے۔ ایپ میں ایک ایمرجنسی بٹن بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے شہری کسی بھی مشکوک یا غیر محفوظ گاڑی کی فوری اطلاع پولیس کو دے سکیں گے۔
مسافر اس ایپ کی مدد سے گاڑی پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے اس کی تصدیق کر سکتے ہیں، جس سے نہ صرف مسافروں کو تحفظ ملے گا بلکہ پولیس کو بھی گاڑیوں کی حرکات و سکنات پر بہتر کنٹرول حاصل ہوگا۔
اسلام آباد پولیس کی یہ ایپ ان کی سرکاری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس ایپ کو استعمال کر کے اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔