Wed, September 16, 2026

اسلام آباد میں نالوں میں طغیانی، بارشوں سے متعدد علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد میں نالوں میں طغیانی، بارشوں سے متعدد علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں سے آنے والے پانی سے اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد اور پارک روڈ میں برساتی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بارہا اطلاع دینے کے باوجود اب تک کوئی امدادی ٹیم نہیں پہنچی۔

آج ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید برآں، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور کشمیر میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو نشیبی علاقوں اور سڑکوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکوں کی بندش اور ٹریفک میں رکاوٹ کا امکان ہے۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم دیگر دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

ٹیگز: