Wed, September 16, 2026

28 مئی سے حج پروازیں شروع ، 90 ہزار پاکستانی حاجی سرکاری طور پر حج کے لیے روانہ ہوں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور

 28 مئی سے حج پروازیں شروع ، 90 ہزار پاکستانی حاجی سرکاری طور پر حج کے لیے روانہ ہوں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور

لاہور : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ 28 مئی سے حج پروازیں شروع ہوں گی اور 90 ہزار پاکستانی حاجی سرکاری طور پر حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے حج انتظامات کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تمام انتظامات آخری مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حج 2025 کے لیے تربیتی پروگرام کا پہلا سیشن مکمل ہو چکا ہے، اور 8 اپریل سے دوسرا تربیتی کیمپ شروع ہوگا جس میں حجاج کو حج کی تیاری کے حوالے سے ضروری تربیت دی جائے گی۔ سردار یوسف نے اس بات پر زور دیا کہ حج اور عمرہ عقیدے سے جڑے ہوئے معاملات ہیں، اور وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حجاج کی ویکسینیشن سمیت تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بزرگ حضرات کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور ملک بھر میں جب پروازیں شروع ہوں گی تو افسروں کو متعلقہ ڈیوٹیاں دی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لانگ ٹرم حج کی قیمت 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ شاٹ ٹرم حج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے ہوگی، اور جو رقم بچ جائے گی وہ حاجیوں کو واپس کر دی جائے گی۔

سردار یوسف نے سعودی حکومت کے بہتر انتظامات کی تعریف کی اور کہا کہ حج کے لیے میڈیکل مشن اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ اگر کسی حاجی نے بھیک مانگنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ جانے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔

ٹیگز: