Wed, September 16, 2026

ایکسپورٹرز کو سہولیات، ایس ایم ایز کیلئے 3 ارب روپے کا رسک پول قائم

ایکسپورٹرز کو سہولیات، ایس ایم ایز کیلئے 3 ارب روپے کا رسک پول قائم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں برآمدات کے فروغ، کاروباری شعبے کی سہولت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایس ایم ایز کو برآمدی انشورنس کوریج فراہم کرنے کے اقدام کو سراہا۔

 اجلاس میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں کی برآمدات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے 3 ارب روپے کا رسک پول قائم کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ایس ایم ایز کو ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس کی سہولت میسر آئے گی اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے کاروباری برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔

 اجلاس کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں ہونے والی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ فنڈ کے 24 ارب روپےکاروباری برادری کی سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

 اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لیے تحقیق، ہنرمندی کی ترقی اور پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے سے متعلق اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

 وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔

ٹیگز: