Wed, September 16, 2026

ملک کے مسائل کا حل قومی اتفاقِ رائے اور سنجیدہ مکالمے میں ہے، ملک محمد احمد خان

ملک کے مسائل کا حل قومی اتفاقِ رائے اور سنجیدہ مکالمے میں ہے، ملک محمد احمد خان

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اور بامقصد قومی مکالمہ ناگزیر ہے، جبکہ قومی پالیسی سازی میں تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

قومی پالیسی مکالمہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ محدود وسائل میں رہتے ہوئے مسائل کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔ ملکی ترقی کے لیے احتساب کے عمل کو یقینی بنانا اور حکومتی نظام میں ضروری اصلاحات لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سول سروسز کے ڈھانچے میں اصلاحات ضروری ہیں۔ آئین میں انتظامی اختیارات کی بات موجود ہے، اس لیے اختیارات کی منتقلی منتخب نمائندوں کو ہونی چاہیے تاکہ عوامی مسائل مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ مضبوط جمہوری نظام کے لیے اداروں کے درمیان آئینی حدود کا احترام ضروری ہے۔ قومی مسائل پر اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم ملکی مفاد کے معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مؤثر نظام کے لیے پارلیمان اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستان کا مستقبل آئین، جمہوریت اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے، اس لیے قومی مسائل کے حل کے لیے سیاسی قوتوں اور تمام متعلقہ حلقوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

ٹیگز: