لندن: لندن میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جو تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہی۔ ملاقات صدر زرداری کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں بختاور بھٹو زرداری بھی شریک تھیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور سندھ سے متعلق حالیہ سیاسی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پیپلزپارٹی قیادت نے سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا، جبکہ فریال تالپور کی حالیہ تقریر بھی زیرِ بحث آئی۔
ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز لندن میں موجود رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول جلد صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی صدر آصف علی زرداری سے لندن میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں مجوزہ آئینی ترامیم اور 18ویں ترمیم سے متعلق معاملات پر مشاورت کی گئی اور پیپلزپارٹی قیادت کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی گئی۔ تاہم اس ملاقات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری اعلامیہ سامنے نہیں آیا۔