Wed, September 16, 2026

ہانیہ عامر نے اپنی ’جعلی ڈھولکی‘ کی ان دیکھی تصاویر شیئر کر دیں

ہانیہ عامر نے اپنی ’جعلی ڈھولکی‘ کی ان دیکھی تصاویر شیئر کر دیں

لاہور : پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ہونے والی منفرد ’جعلی ڈھولکی‘ تقریب کی کچھ ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جو اس سے قبل مداحوں کی نظروں سے دور تھیں۔

اداکارہ نے رواں سال فروری میں اپنی سالگرہ روایتی شادی کی تقریبات کے انداز میں منائی تھی۔ مایوں اور ڈھولکی کی تھیم پر سجائی گئی اس تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز نے اس وقت سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔

تقریب گزرنے کے تقریباً چھ ماہ بعد ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر اس دن کی چند غیر رسمی اور یادگار تصاویر پوسٹ کیں۔ ان تصاویر میں اداکارہ کو اپنے دوستوں کے ہمراہ ہنستے، خوشگوار وقت گزارتے اور تقریب کے لمحات سے محظوظ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ہانیہ نے تصاویر کے ساتھ ایک دلچسپ انداز میں کیپشن بھی تحریر کیا، جس میں زندگی کے خوشگوار پہلوؤں کو بھرپور انداز میں جینے اور اپنی شوخ طبیعت کو برقرار رکھنے کا پیغام دیا۔

واضح رہے کہ ہانیہ عامر کی اس ’ڈھولکی‘ تقریب کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد گلوکار عاصم اظہر کے ساتھ ان کی ڈانس ویڈیو نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی تھی۔ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے درمیان دوبارہ قربت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی تھیں۔

ہانیہ کی جانب سے اب شیئر کی جانے والی تصاویر نے ایک بار پھر ان کی سالگرہ کی اس منفرد تقریب کو سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بنا دیا ہے۔

ٹیگز: