Wed, September 16, 2026

پاکستان دفاع کے ساتھ معاشی طاقت بھی مضبوط کرے گا، سفارت کاری امن کی ضامن ہے: رضوان سعید شیخ

پاکستان دفاع کے ساتھ معاشی طاقت بھی مضبوط کرے گا، سفارت کاری امن کی ضامن ہے: رضوان سعید شیخ

 واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہر مشکل گھڑی میں جرأت اور عزم کے ساتھ وطن کا دفاع کیا، یومِ دفاع و شہداء قوم کے لیے قربانیوں اور شجاعت کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔

 واشنگٹن ڈی سی میں سفارتخانہ پاکستان میں یومِ دفاع و شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات پر فخر ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آپریشن معرکۂ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، اب ملک کو معاشی میدان میں بھی اپنی طاقت مستحکم کرنا ہوگی تاکہ قومی سلامتی اور خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

 پاکستانی سفیر نے پاک امریکا تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پائیدار اور نتیجہ خیز شراکت داری کا اہم ستون ہے۔

 رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ عالمی امن کے قیام اور تحفظ کے لیے سفارت کاری اہم ذریعہ ہے، جبکہ پاکستان کے لیے پائیدار معاشی خوشحالی کا حصول آئندہ کا اہم ہدف ہے۔

 تقریب میں مختلف ممالک کے سفارت کاروں، ملٹری و سروسز اتاشیوں، امریکی حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ٹیگز: