کیلیفور نیا : کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے اکثر آٹو فل فیچر کے عادی ہو چکے ہیں، جس کی مدد سے وہ ویب سائٹس پر اپنی ذاتی معلومات جیسے نام، پاس ورڈ، ایڈریس اور کریڈٹ کارڈ نمبر بغیر یاد کیے بھر دیتے ہیں۔ اب گوگل کروم نے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے Enhanced AutoFill فیچر کے تحت، کروم میں اب آپ اپنے پاسپورٹس، ڈرائیور لائسنس اور گاڑی کے لائسنس پلیٹ نمبرز بھی محفوظ کر سکیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو اب ویب سائٹس پر فارم بھرنے کے دوران یہ تمام معلومات خود سے درج کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ یہ آٹو میٹک طور پر پُر ہو جائیں گی۔
گوگل نے یہ بھی بتایا کہ یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ڈس ایبل ہوگا، یعنی صارفین کو اسے فعال کرنے کے لیے کروم کی سیٹنگز میں جا کر "AutoFill and Passwords" آپشن کھولنا ہوگا اور وہاں Enhanced AutoFill کو آن کرنا ہوگا۔
اس فیچر کے ذریعے کروم اب زیادہ پیچیدہ فارمز اور مختلف فارمیٹنگ کی ضروریات کو بھی بہتر طریقے سے سمجھ سکے گا، جس سے فارم بھرنا مزید آسان اور تیز ہو جائے گا۔ گوگل کروم نے یہ بھی کہا کہ یہ فیچر آنے والے مہینوں میں مزید ڈیٹا آپشنز کے ساتھ اپڈیٹ کیا جائے گا اور تمام زبانوں میں دستیاب ہوگا۔
اس وقت کروم دنیا کا سب سے مقبول ویب براؤزر ہے، جس کا مارکیٹ شیئر 73 فیصد ہے، اور اس میں نئے فیچرز کا اضافہ اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کا اعتماد برقرار رہے اور وہ دوسرے براؤزرز کی طرف نہ جائیں۔