گلگت : پاکستان کے شمالی علاقوں، خاص طور پر گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں شدت آ گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر، خاص طور پر بابوسر، نانگا پربت اور بٹوگاہ کی چوٹیوں پر برفباری ہو رہی ہے۔ اس شدید برفباری کی وجہ سے 12 سے زائد گاڑیاں برف میں پھنس گئیں ہیں۔
خیبرپختونخوا کے سوات، دیر اور کالام کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی ہے، جب کہ اپر ہزارہ ڈویژن میں موسم سرما کی پہلی بارش اور ژالہ باری نے سردی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ان علاقوں میں دن کے وقت بھی رات جیسا سرد موسم ہے۔
ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں 2 سے 3 انچ تک برف پڑ چکی ہے، جس سے وہاں کا موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔
مظفرآباد سے لے کر وادی نیلم تک بارش اور برفباری کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل سے بچا جا سکے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، اور تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پیشگی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔