اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق شہر بھر میں دکانیں رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوامی ضروریات سے وابستہ بعض شعبوں کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی متاثر نہ ہو۔ اس کے تحت فارمیسیز، لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز اور اسپتال اپنے معمول کے اوقات کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اسی طرح پیٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز، ملک شاپس اور اسپورٹس جم کو بھی معمول کے اوقات میں کام جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
دوسری جانب ہوٹل، تندور، کریانہ اسٹورز اور گروسری شاپس کے لیے رات 10 بجے بندش لازمی قرار دی گئی ہے۔ فروٹ و سبزی فروشوں اور بیکریوں کو بھی اسی وقت تک کاروبار بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں شادی ہالز اور مارکیز کو بھی رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ توانائی کے استعمال میں کمی لائی جا سکے اور کفایت شعاری کے اہداف کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد توانائی کے اخراجات میں کمی اور انتظامی نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ نئے اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔