چوپال سجی ہوئی تھی، سب براجمان تھے۔ چوپال میں چاچا رفیق کی خوشی دیدنی تھی، آج تو ان کی آنکھوں میں بہت زیادہ چمک تھی، یہ ایک انجانی خوشی کی چمک تھی۔نتھو ، پھتو دونوں چاچا رفیق سے اس کی وجہ پوچھنے کےلئے بے تاب تھے، لیکن سب چپ سائیں کا انتظار کر رہے تھے۔ چپ سائیں لاٹھی ٹیکتے ہوئے آئے، سب احتراماً کھڑے ہوگئے۔ چپ سائیں نے سب کو بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ نتھو ، پھتو ہمت کرکے بولے سائیں جی آج چاچا رفیق بہت خوش ہیں، ان کی خوشی ان کے چہرے پر نمایاں ہیں لیکن وہ یہ خوشخبری آپ کو ہی سنانا چاہتے ہیں۔
چپ سائیں نے کہا کہ بھائی رفیق بتائیں تو سہی اچھی خبریں سنے ہوئے کافی وقت ہوگیا ہے۔ اس پر چاچا رفیق اٹھے، اور ان کے ہاتھ میں مٹھائی تھی، کہا کہ سائیں جی مجھے اس شہر میں آئے ہوئے لگ بھگ ایک دہائی ہوگئی ہے۔ میرے پاس اپنی چھت نہیں تھی، میں نے اپنے خاندان اور بچوں کی پرورش مشکل وقت میں بہت اچھی کی لیکن حالات کی تنگی پر اف تک نہ کہا۔۔ لیکن اب اللہ کریم نے میری سن لی۔۔ اس پر سب بیک زبان بولے۔۔ کیا ہوا چاچا جی خوشی کی بات بتانے میں دیر نہیں کرتے۔۔۔ اس پر چاچارفیق بولے۔۔ دوستو! میرا سرکاری سکیم میں نام آگیا ہے اور میں بھی اب اس پر گھر بناﺅں گا، صاحبو! حکومت وقت مجھ جیسے بہت سے لوگ جو اپنے گھر اور اپنی چھت کا خواب سجائے ہوئے ہیں ، ان کے لیے آسان سکیمیں متعارف کرارہی ہیں۔یہ توپنجاب حکومت کا ایک اہم اور بڑا قدم ہے۔اس پر چپ سائیں نے کہاکہ بھائیو! رفیق بھائی کا خوش ہونا تو بنتا ہے۔ چلو آج اس حوالے سے ہی بات کرتے ہیں۔
صاحبو!انسان کی زندگی میں کچھ بنیادی خواہشات اور ضروریات ایسی ہوتی ہیں جنہیں پورا کرنا ہر فرد کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ ان میں سب سے بنیادی اور دیرپا خواہش یہ ہے کہ ہر شخص کا اپنا گھر ہو، اپنی چھت کے نیچے سکون سے رہ سکے، اور اپنے خاندان کے لیے ایک محفوظ اور محبت بھرا ماحول فراہم کر سکے۔ اپنا گھر اور اپنی چھت بظاہر ایک سادہ جملہ لگتا ہے، مگر اس کے اندر ایک عمیق حقیقت چھپی ہوئی ہے، جو انسانی جذبات، محنت، اور خوابوں سے جڑی ہوئی ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں انسان اپنی ذاتی زندگی گزار سکتا ہے، اپنی عادات اور رویوں کے مطابق رہ سکتا ہے، اور کسی کی مداخلت کے بغیر اپنی مرضی سے فیصلے کر سکتا ہے اور عجیب سی آزادی محسوس کرتا ہے۔
گھر کی اہمیت اس میں بھی ہے کہ یہ فرد کے جذبات اور یادوں کا مرکز ہوتا ہے۔ بچپن کی یادیں، والدین کی محبت، خاندان کے ساتھ گزارا ہوا وقت، سب کچھ گھر سے جڑا ہوتا ہے۔ ایک گھر کے بغیر زندگی اکثر بے معنی اور بے سکون محسوس ہوتی ہے کیونکہ انسان کی جذباتی اور نفسیاتی ضروریات بھی پوری نہیں ہوتیں۔ چھت انسان کو قدرتی عناصر جیسے بارش، دھوپ، سردی اور ہوا¶ں سے بچاتی ہے۔ دوستو! چھت کی یہ علامتی اہمیت خاص طور پر ان لوگوں کےلئے زیادہ نمایاں ہوتی ہے جو مشکلات یا غربت کا سامنا کرتے ہیں۔ ایک چھت، خواہ وہ سادہ ہو یا عالیشان، انسان کےلئے امید اور خود اعتمادی کی نشانی ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر فرد کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنی محنت سے ایک ایسا گھر بنائے جو اسے اور اس کے خاندان کو ہر قسم کی پریشانی سے بچا سکے۔
اپنا گھر اور اپنی چھت ہر انسان کےلئے ایک خواب ہوتا ہے، یہ ایسا خواب ہے، جوجاگتی آنکھوں سے دیکھاجاتا ہے اور اس کے حصول کے لیے تگ ودو کی جاتی ہے لیکن کچھ لوگوں کا یہ خواب ادھورا اور کچھ کی منزل تو انتہائی قریب قریب ہوتی ہے لیکن۔۔۔ چپ سائیں چپ کرگئے۔۔۔ دوستو! اس پھل کےلئے بہت صبر اور انتھک محنت کرنا پڑتی ہے۔ زندگی کے ابتدائی سال اکثر محنت اور جدوجہد میں گزرتے ہیں تاکہ مستقبل میں ایک ایسا گھر حاصل کیا جا سکے جو نہ صرف رہائش فراہم کرے بلکہ ایک آرام دہ اور محفوظ ماحول بھی دے۔
یہ خواب انسان کو زندگی میں آگے بڑھنے کی تحریک دیتا ہے۔ گھر کی تعمیر یا خریداری کےلئے روزانہ کی محنت، مالی منصوبہ بندی، اور صبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے انسان اکثر اپنی خواہشات کو م¶خر کرتا ہے، اپنی عادات میں نظم پیدا کرتا ہے اور اپنے مستقبل کےلئے منصوبہ بندی کرتا ہے۔
رفیق بھائی، نتھو ، پھتو اور چوپال کے دوستو گھر کا ہونا معاشرتی استحکام اور شخصی شناخت کے لیے بھی ضروری ہے۔ اپنا گھر انسان کو ذہنی سکون فراہم کرتا ہے۔ ایک محفوظ اور آرام دہ گھر میں رہنے سے انسان میں اعتماد پیدا ہوتا ہے، پریشانی اور خوف کم ہوتا ہے، اور زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کی ہمت بڑھتی ہے۔ گھر کے اندر کی فضا، چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا، انسان کے جذبات پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔
کرائے کی بجائے اپنا گھر چاہے وہ ایک کمرہ کا ہی، چاہے چھوٹا صحن ہی کیو ں نہ ہو ۔۔۔وہ جگہ ہے جہاں انسان اپنے خیالات کا اظہار کر سکتا ہے، آرام کر سکتا ہے۔ کرایہ پر رہنے والے افراد ہمیشہ اس بات کی فکر کرتے ہیں کہ کب کرایہ بڑھے گا یا کب انہیں مکان خالی کرنا پڑے گا، ان کے دل میں عجیب سا خوف ، انجانا ڈر پنپ رہا ہوتا ہے ، دوستو اللہ کریم ہر کسی کو اس خوف سے محفوظ رکھے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اپنا گھر انسان کو آزادی دیتا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے رہائش کا انتظام کرے اور اپنے سرمایہ کو محفوظ رکھے۔
اپنا گھر خاندان کےلئے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ یہ بچوں کی تربیت، والدین کی حفاظت، اور رشتوں کی مضبوطی کےلئے بہت اہم ہے۔ دوستو! یہ محض ایک مکان نہیں بلکہ انسانی جذبات، یادیں، اور عزم کا مجموعہ ہے۔ ہر شخص کےلئے یہ خواب زندگی کا مقصد اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوتا ہے۔ اپنا گھر اور اپنی چھت کا خواب اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ زندگی میں محنت، صبر اور مستقل مزاجی کے بغیر کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ چوپال کے دوستو! آخر میں، یہ کہوں گا کہ اپنا گھر اور اپنی چھت نہ صرف ایک خواب ہے بلکہ انسان کی زندگی کا بنیادی حق، جذباتی سکون اور کامیابی کی نشانی بھی ہے۔ انسان کی زندگی چاہے ختم ہو جائے لیکن یہ خواب انسانی زندگی میں ہمیشہ اہم اور بامعنی رہے گا۔۔۔رہے نام اللہ کا!۔