ریاض : سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کو پاسپورٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزارتِ ماحولیات کے مطابق اس اقدام کا مقصد اونٹوں کے انتظام اور نگرانی کو بہتر بنانا ہے، تاکہ اونٹوں کی افزائش میں پیداوری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہو سکے۔
پاسپورٹ پر سعودی عرب کا قومی نشان اور اونٹ کی تصویر واضح طور پر موجود ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک بڑی صنعت بن چکی ہے، اور یہ جانور نہ صرف نقل و حمل کے لیے اہم ہیں بلکہ سماجی حیثیت کی علامت بھی سمجھے جاتے ہیں۔
ہر سال سعودی عرب میں اونٹوں کے حسن کے مقابلے بھی ہوتے ہیں، جن میں لوگ اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔ تاہم، کچھ بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے مقابلوں میں جیتنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ پاسپورٹ منصوبہ ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔یہ اقدام سعودی عرب میں اونٹوں کی صنعت کو مزید مستحکم کرے گا اور اس کی اہمیت کو بڑھائے گا۔