Wed, September 16, 2026

اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ،پاکستان اور سعودی عرب کا مشرقِ وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور مذاکرات پر زور

اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ،پاکستان اور سعودی عرب کا مشرقِ وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور مذاکرات پر زور

اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی ابتر ہوتی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور پر اہم مشاورت کی گئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ گفتگو کے دوران پاک-چین پانچ نکاتی امن اقدام کو بھی زیرِ بحث لایا گیا، جس کا مقصد مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں پائیدار استحکام لانا ہے۔
  دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں، تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے اپنے اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے اہم علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل اور قریبی رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے واضح کیا کہ عالمی برادری کو خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ پاک-سعودی وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بین الاقوامی فورمز پر امن کی کوششوں کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے علاقائی استحکام کے لیے سعودی عرب کے متحرک کردار کو سراہا، جبکہ سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کی امن پسندی کی پالیسی کی تعریف کی۔

ٹیگز: