اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کرنے کی توقعات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تعیناتی جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ہے، جس سے پاکستان کی فوج کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا، "فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو شاندار شکست دی ہے، اور معرکہ حق میں ان کی کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا ہے۔"
وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدت ملازمت میں توسیع پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ "ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستان فضائیہ نے اپنی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، دشمن کے ہوائی جہاز تباہ کیے اور پاکستان کی فضائی طاقت کو مزید مستحکم کیا۔"
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کریں گے، اور ہم سب مل کر اپنے ملک کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔"