اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے ملاقات کی، جس میں کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2026 سے 2030 کے تحت پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان طویل عرصے سے جاری ترقیاتی شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے مالیاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ اصلاحات کے نتیجے میں معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کے معاشی منظرنامے کو مستحکم قرار دیا جانا معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز کے ذریعے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے امیدوار سفیر اولارا اوتونو نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اقوام متحدہ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔