Wed, September 16, 2026

آصفہ بھٹو زرداری کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، فوری امدادی اقدامات کی ہدایت

آصفہ بھٹو زرداری کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، فوری امدادی اقدامات کی ہدایت

کراچی :  رکنِ قومی اسمبلی اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر شہید بینظیر آباد کا دورہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ، پولیس اور امدادی اداروں کے ساتھ اجلاس کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔

انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ اگر سپر فلڈ آیا تو ضلع کی 95 بستیوں میں 80 ہزار افراد متاثر ہو سکتے ہیں، جب کہ 64 ہزار مویشیوں کو بھی خطرہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں قاضی احمد، سکرنڈ، تھٹ، پھلیل، ماڑی، محراب پور سمیت کئی دیہات شامل ہیں۔

حکام کے مطابق قاضی احمد اور سکرنڈ میں 59 ریلیف کیمپ اور 11 میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، جب کہ کشتیوں، لائف جیکٹس، ایمبولینسز، پانی نکالنے والی مشینوں اور دیگر سامان کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے موقع پر موجود ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا:"یہ وقت سیاست کا نہیں، قوم بن کر ایک ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ میں شہید بینظیر آباد کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑوں گی۔"
انہوں نے ہدایت دی کہ امدادی کام تیز کیے جائیں اور ہر متاثرہ شخص تک بروقت مدد پہنچائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کے تجربات سے سیکھ کر موجودہ چیلنجز سے بہتر انداز میں نمٹنا ہوگا۔

ٹیگز: