لاہور : پنجاب حکومت نے سموگ اور فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے مارکیٹوں کے اوقات کار پر سختی سے عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ستمبر 2023 میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی مکمل پیروی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام مارکیٹیں پیر سے ہفتہ تک رات 10 بجے تک بند کر دی جائیں گی، جبکہ اتوار کو کاروباری سرگرمیاں دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رکھی جا سکیں گی۔ ریسٹورنٹس اور کیفے کو رات 11 بجے تک بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، لیکن جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے دن یہ رات 12 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اس کے علاوہ، ہوم ڈیلیوری سروسز کو رات 2 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم، کچھ اہم خدمات جیسے میڈیکل سٹورز، دودھ کی دکانیں، تنور، ہسپتال، پٹرول پمپس اور پنکچر شاپس ان اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گے۔