Wed, September 16, 2026

پی آئی اے اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، پروازیں متاثر

پی آئی اے اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا، پروازیں متاثر

کراچی: پی آئی اے انتظامیہ اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان جاری تنازعے نے شدت اختیار کر لی ہے جس کے نتیجے میں قومی ایئرلائن کی کئی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ ایئرکرافٹ انجینئرز نے احتجاجاً طیاروں کی کلیئرنس روک دی ہے، جس کے باعث گزشتہ رات 8 بجے کے بعد سے پی آئی اے کی 6 بین الاقوامی پروازیں روانہ نہیں ہو سکیں۔

ذرائع کے مطابق، احتجاج کی وجہ سے کل 12 بین الاقوامی پروازیں متاثر ہوئیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ مسافروں میں عمرہ زائرین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے، جنہیں خاصا پریشانی کا سامنا ہے۔ لاہور سے ابوظہبی، اسلام آباد سے دمام اور دبئی جانے والی پروازیں بھی اس احتجاج کے نتیجے میں متاثر ہوئی ہیں۔

سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز کا کہنا ہے کہ وہ پی آئی اے کے سی ای او کے رویے میں تبدیلی آنے تک کام نہیں کریں گے اور طیاروں کو اڑان کے لیے کلیئرنس نہیں دیں گے۔ انجینئرز نے بتایا کہ وہ گزشتہ ڈھائی ماہ سے کالی پٹیاں باندھ کر پُرامن احتجاج کر رہے تھے، لیکن انتظامیہ کی طرف سے کوئی سنجیدہ ردعمل نہیں آیا۔

پی آئی اے کی ترجمان نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجینئرز کی تحریک قانونی نہیں ہے اور اس کا مقصد پی آئی اے کی نجکاری کو ناکام بنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے متبادل انجینئرنگ خدمات حاصل کر لی ہیں اور جلد ہی تمام متاثرہ پروازیں روانہ کر دی جائیں گی۔

ٹیگز: