Wed, September 16, 2026

معرکہ حق.... ایک سنہری باب

معرکہ حق.... ایک سنہری باب

معرکہ حق“ اور ”آپریشن بنیان مرصوص“ میں فتح کی ایک ایسی لازوال داستان ہے جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ یہ وہ فتح ہے جو پاکستان کے عوام کی فتح ہے۔ بھارت نے ایسی جارحیت کی جس پر اسے اندازہ ہی نہیں تھا کہ اس کی کیا درگت بننے والی ہے۔ ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم فتح کے بعد سینہ تان کرکھڑی ہے۔ یہ ایک ایسا تاریخ ساز مرحلہ ہے جس کی کہیں نظیر نہیں ملتی۔ افواجِ پاکستان اور اس کی قیادت پر پوری قوم کو فخر ہے، جن کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور مقام حاصل ہوا ہے۔ بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے 10 مئی 2025 کو آپریشن "بنیان مرصوص ” کا آغاز کیا اور انتہائی کم وقت میں اللہ تعالیٰ نے افواج پاکستان کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ بلا شبہ پاکستان کی تاریخ میں یہ وہ لمحہ تھا جس میں پاکستانیوں کو فخروانبساط کے وہ لمحات عطا ہوئے جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔ معرکہ حق نے نہ صرف بیرونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو اجاگر کیا بلکہ اندرونی سطح پر قومی اتحاد، یکجہتی اور اجتماعی شعور کی ایک مضبوط مثال بھی پیش کی۔ہمارے اس داخلی اتحاد نے بیرونی جارحیت کے خلاف قومی قوت کو نہ صرف کئی گنا بڑھا دیا بلکہ علماءکرام اور مختلف مکاتبِ فکر کا یکجا مو¿قف قومی ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد بھی بنا۔قرآنِ حکیم کے فرمان کے مطابق مسلمانوں کو اتحاد، باہمی اخوت اور تفرقہ سے اجتناب کا درس دیا گیا ہے۔معرکہ حق اور قومی اتحاد”کو اگر قرآنِ مجید کی روشنی میں دیکھا جائے تو اس سے دراصل ایک ہی بنیادی پیغام ملتا ہے کہ حق پر قائم رہنا اور باہمی اتحاد کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کی عملی تصویر یہ ہے کہ مشترکہ مقصد پر اتفاق کیا جائے۔
قوم کے افراد، خواہ ان کا تعلق کسی بھی مسلک، زبان یا علاقے سے ہو، ایک بڑے اور مقدس مقصد پر متحد ہوں، یہی ”حبل اللہ “ کو مضبوطی سے تھامنا ہے۔ اسی اصول پر کاربند رہتے ہوئے ہماری سیاسی و عسکری قیادت نے آپریشن بنیان مرصوص کی بنیاد رکھی اور پھر ساری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت آج تک کسی کے سامنے نظر نہیں اٹھا سکا۔ ”معرکہ حق“ تب جیتا جاتا ہے جب قوم ”حبل اللہ“ کو مضبوطی سے تھام کر متحد ہو جائے اور تفرقہ چھوڑ کر ایک دوسرے کا سہارا بنے۔ اسی اصول کی روشنی میں پاکستانی قوم ، ریاستی ادارے، افواج اور علماءایک صف میں کھڑے ہوئے جس نے دشمن کے بیانیے کو ناکام اور قومی قوت کو مستحکم کیا۔ یہ اتحاد محض وقتی ردعمل نہیں بلکہ ایک نظریاتی اور عملی ہم آہنگی کا مظہر تھا۔ متعدد مرتبہ دشمن کی تقسیم پیدا کرنے کی کوششیں قومی یکجہتی کے باعث ناکام ہوئیں۔معرکہ حق نے یہ پیغام دیا ہے کہ اتحاد اور ایمان کی قوت ہی قومی استحکام کی ضامن ہے۔پاکستان نے اختلافات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مفاد کو ترجیح دی، جو ایک بالغ قوم کی علامت ہے۔قومی اتحاد نے نہ صرف دفاعی محاذ بلکہ سفارتی سطح پر بھی پاکستان کے مو¿قف کو تقویت دی۔یہ یکجہتی مستقبل کے چیلنجز کے مقابلے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔معرکہ حق اس حقیقت کی عملی تصویر بن کر سامنے آیا کہ جب قوم متحد ہو تو کوئی بھی چیلنج ناقابلِ تسخیر نہیں رہتا۔ بجا طور پر کہا جاسکتا ہے کہ پوری قوم بالخصوص ملک کی نوجوان نسل کو بھارت کے خلاف معرکہ حق نے قومی اتحاد اور یکجہتی کے مظاہرے کے ذریعے حاصل ہونے والی بے مثالی کامیابی نے وہ خوشی اور فخر دیا ہے جو ان کے لئے تا حیات سرمایہ افتخار رہے گا۔ یہ ہماری قومی زندگی میں تازہ ہوا کا ایسا جھونکا ہے جو موجودہ اور آنے والی نسلوں کو ہمیشہ فخر وانبساط سے سرشار رکھے گا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں جس میں پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانوں کا تذکرہ کیا گیا۔ سرحدوں پر تقریبات رکھی گئیں جس میں دشمن نے دیکھ لیا کہ اس قوم اور اس فوج کو زیر کرنا ناممکن ہے۔ معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر عوامی جوش و جذبے نے اس بات کی عکاسی کی کہ قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ٹیگز: