لاہور : صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے حکومتی سیکیورٹی بریفنگ میں عدم شرکت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ماضی میں بھی سنجیدہ مشاورت سے گریز کرتی رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ "پی ٹی آئی اپنے دور حکومت میں بھی بریفنگز میں شامل ہونے سے اجتناب کرتی رہی۔ اس وقت بھی شکایات اور الزامات کا سلسلہ جاری رہتا تھا، اور آج بھی وہی طرز عمل اختیار کیا جا رہا ہے۔"
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ "پی ٹی آئی کے بعض عناصر تاحال ریاستی اداروں اور ملکی مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔ ان سے قومی مفاہمت یا تعمیری سیاست کی امید رکھنا مشکل ہے۔ ان کا رویہ اکثر اشتعال انگیز اور منفی ہوتا ہے، جو باعثِ تشویش ہے۔"
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے حالیہ حکومتی سیکیورٹی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر حکومتی نمائندوں نے اس اقدام کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے۔