Wed, September 16, 2026

وزیراعظم کا ملائیشیا سے رابطہ، پہلگام سانحے پر عالمی تحقیقاتی تعاون کی پیشکش

وزیراعظم کا ملائیشیا سے رابطہ، پہلگام سانحے پر عالمی تحقیقاتی تعاون کی پیشکش

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کا ذمہ دار بغیر کسی شواہد کے پاکستان کو ٹھہرانے کی کوشش کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان واقعے کی آزاد، شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کا حامی ہے اور اگر ملائیشیا چاہے تو وہ اس عمل کا حصہ بن سکتا ہے۔

یہ بات وزیراعظم نے ملائیشیا کے ہم منصب انور ابراہیم سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہی۔ گفتگو میں وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل کی کھلے الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی بحالی کی راہ پر گامزن ہے، ایسے میں کسی اشتعال انگیز واقعے میں ملوث ہونے کا سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

دریں اثنا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ملائیشیا کے وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے انہیں خطے میں بھارت کی حالیہ جارحانہ حکمت عملی اور دیگر اہم پیش رفتوں سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور کسی بھی قسم کے یکطرفہ الزامات ناقابل قبول ہیں۔

پاکستانی قیادت کے ان رابطوں کو عالمی برادری کے سامنے ملکی مؤقف اجاگر کرنے کی سنجیدہ سفارتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: