اسلام آباد : وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے "آپریشن غضب للحق" کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے دشمن کو ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں اپنے اہداف کے مطابق نہایت کامیابی سے جاری ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق، آپریشن کے دوران اب تک 481 شرپسند ہلاک جبکہ 696 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ کارروائی کے دوران دشمن کی 226 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں، جبکہ 35 اہم چیک پوسٹوں پر فورسز نے اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ آپریشن کے دوران دشمن کے جنگی وسائل کو نشانہ بناتے ہوئے 198 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز تباہ کی گئیں۔ افغانستان بھر میں 56 مختلف مقامات پر مؤثر فضائی کارروائیاں کی گئیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آپریشن غضب للحق کا مقصد قومی سلامتی کا تحفظ اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینا ہے۔وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ فضائی کارروائیوں نے دشمن کی دفاعی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور ان کے نیٹ ورک کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکسو ہیں۔