دبئی :بھارت نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ بھارت کا پانچواں چیمپئنز ٹرافی فائنل ہے اور مسلسل تیسرا فائنل ہے جس میں وہ کامیاب ہوا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 265 رنز کا ہدف بھارت نے 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بھارتی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ویرات کوہلی نے ادا کیا، جنہوں نے 84 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
دیگر بھارتی کھلاڑیوں میں شریاس ایئر نے 45، روہیت شرما نے 28، اور اکشر پٹیل نے 27 رنز بنائے۔ اختتامی لمحات میں ہاردیک پانڈیا نے 28 رنز کی تیز اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں مدد فراہم کی، جبکہ کے ایل راہول نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زیمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کوپر کونولی اور بین ڈورشوئس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم کو آغاز میں مشکلات کا سامنا تھا، لیکن 4 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد، آسٹریلوی بیٹرز نے خود کو سنبھالا اور اسکور 53 تک پہنچایا۔
اسی دوران، ٹریوس ہیڈ 39 رنز بنا کر جاڈیجا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے پارٹنرشپ بنائی، اور اسکور 110 تک پہنچایا، لیکن لبوشین 29 رنز بنا کر جاڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
اس کے بعد جوش انگلس 11 رنز بنا کر جاڈیجا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اسٹیو اسمتھ نے رنز بنانا جاری رکھا اور ایلکس کیری کے ساتھ 50 رنز کی شراکت داری قائم کی، تاہم اسمتھ 73 رنز کی اننگز کے بعد محمد شامی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
گلین میکسویل نے ایک چھکا مارا، مگر اگلی ہی گیند پر ورون چکرورتی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ایلکس کیری نے 61 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور آسٹریلوی اسکور کو آگے بڑھایا، تاہم وہ بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔بین ڈارشوئس نے 19 رنز اور ایڈم زیمپا نے 7 رنز بنائے، جس کے بعد آسٹریلیا کا اسکور 264 تک پہنچا۔
محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کیں، رورن چکرورتی اور رویندرا جاڈیجا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ہاردیک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لی۔بھارت نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 265 رنز تک محدود رکھا اور فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں وہ ایک اور بڑا مقابلہ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔