اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خوارج کے سیاسی اثرات کا خاتمہ نہ ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کو آج ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور اپوزیشن ہمارے خلاف کوئی اسکینڈل نہیں لا سکی۔ انہوں نے اس موقع پر کابینہ میں اضافے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان اضافوں سے حکومت اور عوام دونوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
وزیراعظم نے رمضان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مہینے کی برکات پاکستان کے عوام کے لیے اللہ کی رحمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت حکومت نے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو 40 لاکھ خاندانوں تک پہنچائے جائیں گے۔
انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں 50 ہزار سے زائد افراد کی شہادت اور کشمیر کی وادی میں خونریزی ایک سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی امداد روکنا ایک سنگین ظلم ہے جس پر ہمیں عالمی سطح پر آواز اٹھانی چاہیے۔
شہباز شریف نے اقتصادی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال پہلے پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر تھی، لیکن عالمی اداروں کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں ہم اس بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آج عالمی ادارے پاکستان کے معاشی اشاریوں کو مثبت مان رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ملکی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور یہ کامیابی تمام اتحادی جماعتوں کے مشترکہ اقدامات کا نتیجہ ہے۔