Wed, September 16, 2026

بیرونی عناصر پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے ، وزیراعظم شہباز شریف

بیرونی عناصر پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے ، وزیراعظم شہباز شریف

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ایک بار پھر دہشتگردی جیسے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے، لیکن افواج پاکستان اور ریاستی ادارے اس کا مکمل صفایا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ "خارجی قوتیں" پاکستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتیں، مگر ہم ان کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

لندن میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ملکی مفاد کے تمام بڑے معاملات، خاص طور پر خارجہ پالیسی، پر ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشاورت ہر قومی فیصلے میں شامل ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور قوم اپنی فوج کے ساتھ ڈٹی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ایک "تاریخی کامیابی" حاصل کی۔

انہوں نے اپنے امریکا اور اقوام متحدہ کے دورے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ غزہ کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان نے مؤثر آواز بلند کی۔ ان کا دعویٰ تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس اجلاس کی صدارت کی اور پاکستان کو خصوصی دعوت دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی امریکی صدر ٹرمپ سے خوشگوار ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور دفاعی تعاون پر بات ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پاکستانی عوام نے امن کوششوں پر صدر ٹرمپ کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے کی تجویز دی ہے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے حالیہ دفاعی معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اعتماد کی علامت ہے، اور اس کا مقصد صرف حرمین شریفین کا دفاع ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں۔

معاشی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اور 1000 زرعی گریجویٹس کو چین میں تربیت کے لیے بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے قرضوں سے نجات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے اقتصادی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

وزیراعظم نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب ظلم کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کی ہے۔کشمیر کے مسئلے پر بھی انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے جوان مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، اور ہم اس ناسور کو جڑ سے ختم کر کے ہی دم لیں گے۔اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے۔

ٹیگز: