لاہور : پاکستان ٹیلی ویژن کی سینئر اداکارہ بینا مسرور 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے بیٹے پارس مسرور نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی۔
بینا مسرور پاکستان ٹی وی کی ایک معروف اور باصلاحیت اداکارہ تھیں جنہوں نے "بنجارا"، "بیٹیاں"، "تڑپ"، "عشق نہیں آسان"، "آنگن"، "اگر" اور "جانِ جہاں" جیسے مشہور ڈراموں میں اپنے کرداروں سے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا۔ ان کی اداکاری نے انہیں شوبز کی دنیا میں ایک خاص مقام دیا تھا۔
وہ صرف اداکارہ ہی نہیں بلکہ ایک ماہر استاد بھی تھیں، اور تدریس کے شعبے سے بھی جڑی رہیں۔ ان کی علمی اہمیت اس وجہ سے بھی تھی کہ وہ ڈاکٹر بیدل مسرور کی اہلیہ تھیں اور سندھ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ تھیں۔پارس مسرور نے اپنی والدہ کی روح کی مغفرت اور ایصالِ ثواب کے لیے اپنے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔