Wed, September 16, 2026

کراچی میں کھلے مین ہولز بچوں کے لیے خطرہ بن گئے، بلدیہ ٹاؤن میں ایک اور بچی گر گئی

کراچی میں کھلے مین ہولز بچوں کے لیے خطرہ بن گئے، بلدیہ ٹاؤن میں ایک اور بچی گر گئی

کراچی: شہر کراچی میں کھلے مین ہولز ایک بار پھر بچوں کی جان کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن سیکٹر 12 ڈی میں ایک اور معصوم بچی کھلے مین ہول میں گر گئی، جس نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی۔

یہ واقعہ یونین کونسل 11 میں پیش آیا، جہاں بچی کھلے مین ہول میں گر گئی۔ خوش قسمتی سے، اہل محلہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچی کو گٹر سے باحفاظت نکال لیا۔ اس حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں واضح طور پر دکھایا گیا ہے کہ مین ہول کے اوپر ڈھکن نہیں تھا، اور یہی وجہ بنی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔

علاقہ مکینوں نے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ نیپا چورنگی میں ہونے والے سانحے کے بعد بھی بلدیاتی ادارے غفلت میں ہیں، اور کھلے مین ہولز کے اوپر ڈھکن لگانے کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شہر بھر میں کھلے مین ہولز کی مرمت کی جائے اور ان پر ڈھکن لگائے جائیں تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے اور بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ٹیگز: