دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکی کرکٹر اکھلیش ریڈی کو بدعنوانی کے قوانین کی خلاف ورزی پر آٹھ سال کی پابندی کی سزا سنا دی ہے۔
26 سالہ اکھلیش ریڈی کے خلاف گزشتہ سال نومبر میں ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کے دوران انسدادِ بدعنوانی ضابطے کی خلاف ورزیوں کے الزامات سامنے آئے تھے، جس کے بعد انہیں عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
آئی سی سی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی تحقیقات میں ریڈی کو میچ کے نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش، ایک ساتھی کھلاڑی کو کرپشن سے متعلق سرگرمی میں شامل کرنے کی کوشش اور تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کا مرتکب قرار دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ اکھلیش ریڈی نے اپنے موبائل فون سے کچھ ایسے پیغامات اور معلومات حذف کیں جو کیس کی تفتیش میں اہم ثابت ہو سکتی تھیں۔
آئی سی سی نے بتایا کہ پابندی کا آغاز 21 نومبر 2025 سے شمار کیا جائے گا۔ کرکٹ کی عالمی تنظیم کے مطابق دوسرے کھلاڑی کو بدعنوان سرگرمی میں شامل کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی تھی۔
اکھلیش ریڈی نے امریکا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا آخری بین الاقوامی مقابلہ اپریل 2025 میں کھیلا تھا۔