پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ذاتی مصروفیات کے باعث لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کا موجودہ سیزن ادھورا چھوڑ دیا اور پاکستان واپس پہنچ گئے۔
شاہین آفریدی پی سی بی سے این او سی حاصل کرنے کے بعد پہلی بار ایل پی ایل میں شریک ہوئے تھے، جہاں انہوں نے کینڈی رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
قومی فاسٹ بولر نے ٹورنامنٹ میں 6 میچز میں حصہ لیا اور 7 وکٹیں حاصل کیں، جس کے دوران وہ کینڈی رائلز کے اہم بولرز میں شامل رہے۔
ایل پی ایل کے دوران شاہین آفریدی اس وقت بھی خبروں میں آئے تھے جب کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ میں انہیں امپیکٹ پلیئر کے طور پر شامل کیا جانا تھا، تاہم ٹیم انتظامیہ کی غلطی کے باعث ان کا نام آفیشل ٹیم شیٹ میں درج نہ ہو سکا اور وہ میچ نہیں کھیل پائے۔
بعد ازاں کینڈی رائلز نے اس معاملے پر معذرت کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ ایک انتظامی کوتاہی تھی، جس کے بعد شاہین نے دوبارہ ٹیم کے لیے میچز کھیلے۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولر کی واپسی کا فیصلہ صرف ذاتی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے اور اس کا سابقہ واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔ اگر کینڈی رائلز پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو شاہین آفریدی کی دوبارہ ٹیم میں شمولیت کا امکان موجود ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔