لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے کاشتکاروں کے لیے ایک بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کسان کو بچانے کے لیے پنجاب حکومت نے اپنی جیب سے بھاری سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری کردہ اس پیکیج کے تحت کسانوں کو درج ذیل مراعات حاصل ہوں گی۔ یہ امداد ان کاشتکاروں کے لیے ہے جو 25 ایکڑ تک اراضی کے مالک ہیں اور گندم کاشت کر رہے ہیں۔ہر ایک ایکڑ کے لیے 10 لٹر ڈیزل پر 150 روپے فی لٹر کی خصوصی رعایت دی جائے گی۔مریم نواز نے واضح کیا کہ وہ سبسڈی کی تقسیم کے اس پورے نظام کی خود نگرانی کر رہی ہیں تاکہ حقدار کسان تک پورا ریلیف پہنچ سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کسانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاپنجاب کا کسان ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ میں کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی رہوں گی اور ان کی مالی معاونت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
ملک میں بڑھتی ہوئی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی بحران کے باعث تیل کے نرخوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑ رہا ہے۔ تاہم، پنجاب حکومت نے کسانوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے یہ تاریخی سبسڈی متعارف کرائی ہے تاکہ زراعت کا پہیہ چلتا رہے۔