Wed, September 16, 2026

حکومت اور جماعت اسلامی میں عوامی ریلیف پر رابطہ، پٹرولیم لیوی کم کرنے کی تجویز پر مذاکرات کا فیصلہ

 حکومت اور جماعت اسلامی میں عوامی ریلیف پر رابطہ، پٹرولیم لیوی کم کرنے کی تجویز پر مذاکرات کا فیصلہ

لاہور: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر بات چیت آگے بڑھ گئی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال، سینیٹر رانا ثنا اللہ اور خواجہ سلمان رفیق پر مشتمل حکومتی مذاکراتی وفد نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سب چاہتے ہیں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، جماعت اسلامی کے پاس پٹرولیم لیوی کم کرنے کی تجویز ہے تو حکومت اسے خوش آمدید کہے گی۔ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپنی استطاعت کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کررہی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت قابلِ عمل تجاویز پر مکمل عمل درآمد کرے گی۔ جماعت اسلامی کا مقصد عام آدمی کو ریلیف دلانا ہے، ایران جنگ کے باعث عام آدمی پر بوجھ پڑا ہے، حکومت کی توجہ بھی عوام کو ریلیف دینے پر ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دھرنا کسی ذاتی ایجنڈے کے لیے نہیں دیا، دھرنوں کا آج 19واں دن ہے۔ مہنگائی نے ہر طبقے کو متاثر کیا ہے اور لوگوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے اپنے ہدف سے زیادہ پٹرولیم لیوی کی مد میں 100 ارب روپے جمع کیے۔ بجلی پیدا نہ ہونے کے باوجود کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں رقم وصول کی جارہی ہے، جبکہ آئی پی پیز کے معاہدے غلط ہوئے ہیں۔

ٹیگز: