Wed, September 16, 2026

آزاد فلسطینی ریاست تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے ، حماس کا اعلان

 آزاد فلسطینی ریاست تک ہتھیار نہیں ڈالیں گے ، حماس کا اعلان

غزہ : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ حماس کے سینئر رہنما محمد نزال نے کہا ہے کہ اسرائیل چاہتا ہے کہ حماس فلسطینی ریاست بننے سے پہلے غیر مسلح ہو جائے، لیکن یہ شرط قبول نہیں کی جائے گی۔

محمد نزال نے بتایا کہ دنیا کی کسی بھی آزادی کی تحریک نے اپنے ہتھیار آزادی حاصل کرنے سے پہلے نہیں ڈالے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ، افغانستان، ویتنام، الجزائر اور آئرلینڈ کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ حماس بھی اسی راستے پر عمل کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حماس امریکی صدر کے 20 نکاتی امن منصوبے پر غور کر رہی ہے اور جلد اس بارے میں اپنا موقف واضح کرے گی تاکہ جنگ کا جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ حماس فلسطینی عوام کے مفاد میں فیصلہ کرنے کا حق رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر نے یہ منصوبہ پیش کیا ہے جس میں فوری جنگ بندی، قیدیوں کا تبادلہ، اسرائیلی فوج کا غزہ سے انخلا اور حماس کا غیر مسلح ہونا شامل ہے۔ تاہم حماس کا مؤقف رہا ہے کہ وہ تبھی ایسا کرے گی جب اسرائیلی فوج مکمل طور پر غزہ سے نکل جائے، مستقل جنگ بندی ہو اور بے گھر فلسطینیوں کو اپنے گھروں میں واپس جانے کی ضمانت ملے۔

ٹیگز: