Wed, September 16, 2026

ملک کے مختلف حصوں میں بارش کاامکان

 ملک کے مختلف حصوں میں بارش کاامکان

لاہور : محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ کچھ علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ آج بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، مگر پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی خشک موسم رہے گا۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، خانیوال، ساہیوال، ملتان اور بہاولپور میں اسموگ کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی خشک اور سرد موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تاہم، چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک اور سرد رہے گا۔

کل سے کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں بارش کی توقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور پوٹھوہار کے علاقے بھی ہلکی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی، جبکہ پنجاب کے علاقوں میں اسموگ کی موجودگی رہی۔

ٹیگز: