لاہور :سٹی ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے پاکستان سپر لیگ (PSL) 11 کے فائنل میچ کے پیشِ نظر قذافی اسٹیڈیم کا ہنگامی دورہ کیا اور ٹریفک کے مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا۔سی ٹی او لاہور نے اسٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر تعینات نفری اور ٹریفک کی روانی کے لیے بنائے گئے ڈائیورشن پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی گلبرگ اور انچارج سیکیورٹی نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے لیے مخصوص اور محفوظ روٹس تیار کر لیے گئے ہیں۔
شائقین کی گاڑیوں کے لیے اسٹیڈیم کے قریب مختلف مقامات پر پارکنگ اسٹینڈز قائم کیے گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ فائنل کے دوران ٹریفک کے دباؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی وارڈنز تعینات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ عام شہریوں کی نقل و حرکت متاثر نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ ایریاز میں شائقین کی رہنمائی کے لیے خصوصی سائن بورڈز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔