بنیان مرصوص وہ کلمہ ہے جو قرآن پاک کی سورة الصَّف آیت نمبر 4 میں بیان کیا گیا ہے۔ (اِنَّ اللَّہ یحِب الَّذِینَ یقَاتِلونَ فِی سَبیلہِِ صَفًّا کااَنَھم بنیَان مَّرصوص) ترجمہ؛ اللہ کو تو پسند وہ لوگ ہیں جو اس کی راہ میں اس طرح صف بند ہو کر لڑتے ہیں گویا وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔
سندور سرخ یا نارنجی رنگ کا پاوڈر ہے جسے ہندو مذہب میں شادی شدہ خواتین اپنی مانگ میں بھرتی ہیں۔ یہ سندور ہندو خواتین کے شوہر، پتی کی لمبی عمر اور حفاظت کیلئے لگایا جاتا یے۔ بھارت نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی وادی میں 22 اپریل 2025 کو پہلگام کے سیاحتی مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے 26 بھارتیوں کو قتل کرنے کے واقعے کا جھوٹا الزام پاکستان پر لگایا تھا۔ بھارت نے پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے آج تک نہ کوئی ثبوت دئیے ہیں اور نہ ہی آزادانہ تحقیقات کرائی ہیں۔
بھارت کا آپریشن سندور 7 مئی 2025 کو بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر کو نشانہ بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ پاکستان کا آپریشن بنیان مرصوص افواج پاکستان کی طرف سے 10 مئی 2025ءکو بھارتی فوجی اہداف پر جوابی حملوں کے لیے شروع کیا گیا تھا۔ 10 مئی 2025 کو آپریشن بنیان مرصوص کو فتح حاصل ہوئی جب پاکستان کی فضائیہ نے بے مثال کامیابی حاصل کی۔ بھارتی
ریاست پنجاب کے شہر ادھم پور میں بھارتی فضائیہ کا ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم مکمل تباہ کر دیا۔ بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے اور براہ راست بھارتی افواج کی میڈیا ترجمان خواتین افسران کے ذریعے پریس کانفرنس میں جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 کو ہونی والی جنگ کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ اور اس ایک سال میں سوائے پاک و ہند کے عوام کے جذبات کے بہت کچھ بدل چکا ہے۔
بھارت کا اس موقع پر کہنا ہے "ہم نے آپریشن سندور اپنی شرائط پر رضاکارانہ طور پر روکا تھا۔ اور اگر ضرورت پڑی تو ہم ایک طویل جنگ کے لیے پوری طرح تیار تھے۔ اور ہمارے پاس اضافے کی صلاحیت بھی تھی۔ ناگہانی ضرورت کے وقت اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کی صلاحیت۔ اس لیے نہ صرف یہ کہ ہمارے پاس پہلے سے بھی زیادہ مضبوط تھا۔ مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں سمجھتا۔" یہ کہنا ہے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا جنہوں نے یہ بات وفاقی دارالحکومت نئی دہلی میں نیشنل سکیورٹی سمٹ 2.0 کے اپنے خطاب میں دو روز قبل کہی ہے۔
بس پھر بھارتی جنتا پارٹی کے بلند و بانگ دعووں کا پول ایک مرتبہ پھر کھل گیا ہے۔ پورا سال بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور اسکے وزیر گلے پھاڑ پھاڑ کر کہتے رہے کہ بھارت نے نہیں بلکہ پاکستان نے جنگ بندی کی پیشکش کی تھی۔ بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جنگ بندی کے لئے رابطہ نہیں کیا تھا۔ دیگر تمام سیاسی بیانات بھی دم توڑ گئے ہیں۔ کیونکہ اس وقت بھارتی حکومت عالمی جگ ہنسائی، عالمی تنہائی، انتہا پسندی اور جنگ میں پاکستان سے ہار سے اپنا منہ نہیں پھیر سکتی ہے۔
پاکستان اور بھارت میں سال بھر آپریشن سندور پر مختلف گفتگو ہوتیں رہی ہیں۔ اس دوران بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندرا تریودی نے بین الاقوامی ٹی وی چینلز اور سرکاری خطابات پر آپریشن سندور کی ناکامیوں پر بات کی ہے۔ بھارتی فضائیہ نے بھی آپریشن سندور کے ناکام ہونے کے بعد بھاجپا حکومت پر افواج کی دفاعی قوت بڑھانے کے لئے زور دیا ہے۔ آج بھارتی بری اور فضائی افواج دونوں کے سربراہان میڈیا پر کھلم کھلا بھارت افواج کی تشکیل نو، جدید ٹیکنالوجیز کی ضرورت پر روشنی ڈالتے نظر آتے ہیں۔
بھارتی جنتا پارٹی یعنی بھارتی حکومت کے پاکستان کے خلاف فوجی آپریشن کے لئے لفظ سندور استعمال کرنے پر بھارتی عوام ابھی تک تنقیدی وار کر رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کیا بھارت نے پاکستان کو سندور لگا دیا ہے؟ سندور لگانے سے تو ہندو رسم ورواج میں شادی ہو جاتی ہے۔ یعنی پاکستان اور بھارت کی جنگ شادی ہو گئی یے۔ پاکستان اور بھارت کی شادی اور اس کے بعد کے معاملات پر تبصرے پڑھنے کے لئے سوشل میڈیا کا رخ کیا جا سکتا ہے۔ ہندو مت/ ہندو مذہب میں سندور کو سہاگ (شوہر) کی حفاظت کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور اہل عقل کے مطابق اسکا درست استعمال بھی یہی ہے۔