لاہور؛پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 23ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دے دیا۔ یہ مقابلہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کی ٹیم نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔
اسلام آباد کا آغاز عمدہ رہا، جہاں اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور کائل مائرز نے برق رفتار 58 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم چھٹے اوور میں ابرار احمد نے مائرز کو بولڈ کر کے کوئٹہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ مائرز نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
اس کے بعد فہیم اشرف نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں کولن منرو (9) اور عبوری کپتان سلمان علی آغا (0) کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اسلام آباد کو بڑا نقصان اُس وقت ہوا جب جارح مزاج بلے باز صاحبزادہ فرحان 24 گیندوں پر 39 رنز بنا کر سعود شکیل کا شکار بنے۔ ان کی اننگز میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
9.5 اوورز کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکور 77 پر 4 وکٹ ہو چکا تھا۔ محمد نواز اور اینڈریس گوس نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن فہیم اشرف نے دوبارہ وار کرتے ہوئے دونوں کو جلدی آؤٹ کر دیا، جس کے بعد اسلام آباد کا اسکور 91/6 ہو گیا۔
اس کے بعد نواز اور حیدر علی نے ساتویں وکٹ کے لیے 39 رنز جوڑے۔ حیدر 10 رنز بنا کر خرم شہزاد کا نشانہ بنے۔ محمد نواز نے 34 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور پانچ چھکے شامل تھے۔ وہ آخری اوور میں کائل جیمی سن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف نے کوئٹہ کے لیے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ خرم شہزاد، ابرار احمد، سعود شکیل اور کائل جیمی سن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔