Wed, September 16, 2026

ایران کے ساتھ معاہدے کے مثبت نتائج کی امید ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کے ساتھ معاہدے کے مثبت نتائج کی امید ہے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات کے امکان کو مسترد نہیں کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت حالات اور جاری سفارتی عمل پر منحصر ہوگی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اس وقت ایران کی قیادت کے ساتھ مذاکراتی عمل میں مصروف ہے، اور آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کسی بھی وقت ممکن ہے، لیکن حتمی فیصلہ صورتحال کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات سے مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے، تاہم خطے کی صورتحال غیر مستحکم ہے اور اس میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

اسی انٹرویو میں ٹرمپ نے تصدیق کی کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سخت اور برہم لہجے میں بات کی تھی، کیونکہ وہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے ناخوش تھے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گفتگو کے دوران ٹرمپ نے نیتن یاہو پر شدید ناراضی کا اظہار کیا اور مبینہ طور پر انہیں “پاگل” اور “ناشکرا” بھی کہا۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے جوہری ہتھیار نہ بنانے پر اتفاق کیا ہے، اور اگر کشیدگی کم ہوتی ہے تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ایران میں زمینی فوج کی تعیناتی کی کوئی ضرورت نہیں، اور موجودہ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کا امکان ہے۔

ٹیگز: