Wed, September 16, 2026

پاکستان کے حسین سیاحتی مقامات کو صاف رکھیں، ندا یاسر کی عوام سے اپیل

پاکستان کے حسین سیاحتی مقامات کو صاف رکھیں، ندا یاسر کی عوام سے اپیل

لاہور: معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے پاکستان کے شمالی سیاحتی علاقوں میں بڑھتی آلودگی اور گندگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں سے ماحول کو صاف رکھنے کی اپیل کی ہے۔

ایک مارننگ شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شمالی علاقے قدرت کی بے مثال نعمت ہیں اور ان کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف سیاحتی مقامات پر پلاسٹک کی بوتلیں، چپس کے خالی ریپرز اور دیگر کچرا جگہ جگہ بکھرا دیکھ کر انہیں انتہائی مایوسی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مری سمیت کئی معروف سیاحتی مقامات پر صفائی کی صورت حال تسلی بخش نہیں۔ ان کے مطابق اکثر لوگ سیر و تفریح کے بعد اپنا کچرا وہیں چھوڑ جاتے ہیں، حالانکہ اسے مناسب جگہ پر ٹھکانے لگانا چاہیے۔ ندا یاسر نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ سیاحتی علاقوں میں کچرا دانوں کی کمی ایک اہم مسئلہ ہے، جس پر متعلقہ اداروں کو توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قدرت کے ان خوبصورت نظاروں کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کی خاطر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور ماحول کو آلودہ ہونے سے بچائیں۔

ٹیگز: