Wed, September 16, 2026

حج رجسٹریشن میں زبردست دلچسپی، ویب پورٹل اور ایپ پر 2 لاکھ سے زائد اندراج

حج رجسٹریشن میں زبردست دلچسپی، ویب پورٹل اور ایپ پر 2 لاکھ سے زائد اندراج

اسلام آباد: آئندہ سال حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں صرف ابتدائی 11 دنوں میں دو لاکھ سے زیادہ درخواست گزار اپنا اندراج مکمل کر چکے ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے حج رجسٹریشن کے لیے ویب پورٹل کا استعمال کیا، جبکہ 24 ہزار سے زیادہ درخواست گزاروں نے موبائل ایپ کے ذریعے اپنا اندراج کرایا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد نے سرکاری حج اسکیم میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی، جبکہ 49 ہزار کے قریب درخواست گزاروں نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا۔

صوبائی تفصیلات کے مطابق سب سے زیادہ 95 ہزار رجسٹریشن پنجاب سے موصول ہوئیں، جبکہ سندھ سے 63 ہزار، خیبرپختونخوا سے 28 ہزار اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 9 ہزار افراد نے اندراج کرایا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان سے 5 ہزار 500، آزاد جموں و کشمیر سے 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان سے 600 افراد نے بھی حج رجسٹریشن مکمل کی۔

وزارت کے مطابق اب تک رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 19 ہزار مرد جبکہ 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں، جو آئندہ حج کی ادائیگی کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

ٹیگز: